اعظم گڑھ، 16؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)500 اور1000 روپے کے نوٹوں کا چلن بند کئے جانے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نازیبا تبصرہ اور کرنے کے الزام میں ایس پی کے راجیہ سبھا رکن امر سنگھ سمیت دو لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بی جے پی کے ریاستی ترجمان آئی پی سنگھ نے اعظم گڑھ ضلع کے شہر کوتوالی میں منگل کی شام امر سنگھ اور ان کے ایک نامعلوم دوست کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔آئی پی سنگھ کے مطابق ان کے ایک صحافی دوست نے انہیں سوشل میڈیا پر نشر ایک ویڈیو بھیجا، جس میں دہلی کے کسی ہوٹل کے پاس امر سنگھ کے ساتھ کھڑے ایک شخص 500اور 1000کے نوٹ بند کیے جانے کے خلاف احتجاج میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے رشتہ داروں کو گالیاں دیتے ہوئے اور ساتھ میں کھڑے ایس پی راجیہ سبھا رکن امر سنگھ کو مسکراتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔وہیں، ایس پی ممبر پارلیمنٹ امر سنگھ نے میڈیا سے ٹیلی فون پر بات چیت میں بتایا کہ یہ وائرل ویڈیو مکمل طرح سے صحیح ہے۔یہ واقعہ 8 ؍نومبر کو دہلی کے چانکیہ پوری تھانہ علاقے کے موریا ہوٹل کے باہر اس وقت پیش آیا جب وہ گاڑی کے انتظار میں باہر کھڑے تھے ، تبھی ایک نامعلوم شخص سیلفی لینے کے لیے ان کے پاس پہنچا اور ملک کے وزیر اعظم کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، دوسرے دن یہ ویڈیو وائرل ہو گیا۔سنگھ نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد وہ 10؍نومبر کو دہلی کے چانکیہ پوری تھانے میں اس نامعلوم شخص کے خلاف ملک کے وزیر اعظم پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرا چکے ہیں ۔وہ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، جرم کرنا اور جرم برداشت کرنا دونوں جرم ہے، ا س لیے وہ جب خود مقدمہ درج کرا چکے ہیں تو آئی پی سنگھ کے مقدمہ درج کرانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔